اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کا 41 فیصد کام مکمل
منصوبے میں شامل انڈر پاس کے تمام 153 پائلز اور سلیب کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ریمپ اے اور ریمپ بی کی حفاظتی دیواروں پر بھی کام جاری ہے
اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کا 41 فیصد کام مکمل
اسلام آباد: اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے پر تعمیراتی کام 41 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ فیض آباد سے گلبرگ تک 8.5 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کی تعمیر مختلف مقامات پر تیزی سے جاری ہے
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر سہیل اشرف کی ہدایات پر منصوبے کی تکمیل کے لیے کام کی رفتار بڑھا دی گئی ہے۔
ترجمان سی ڈی اے کے مطابق منصوبے کے مختلف حصوں میں بیک وقت کھدائی، سب گریڈ، سب بیس اور سب بیس ٹاپ کی تعمیر جاری ہے تاکہ مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جا سکے۔
منصوبے میں شامل انڈر پاس کے تمام 153 پائلز اور سلیب کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ریمپ اے اور ریمپ بی کی حفاظتی دیواروں پر بھی کام جاری ہے۔ پلوں اور نکاسی آب کے لیے مختلف کلورٹس کی تعمیر بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق سروس روڈ ایسٹ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں تاکہ منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سروس روڈ ایسٹ کی تکمیل سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہوگا، شہریوں کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی جبکہ ایکسپریس وے کے اطراف رہنے والوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔