شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھاری اسلحہ برآمد
خفیہ اطلاع پر کارروائی، مکان کی کھدائی سے اسلحہ ملا، آخری دہشت گرد تک جنگ جاری رہے گی۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھاری اسلحہ برآمد
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا چھپایا گیا بھاری اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی میرعلی کے علاقے حیدر خیل میں کی گئی جہاں دہشت گردوں نے ایک خالی رہائشی مکان میں بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد چھپا رکھا تھا۔
دستاویز اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق مکان کی کھدائی کے دوران برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں اینٹی ایئرکرافٹ گن، ہیوی مشین گن اور آر پی جی سیون سمیت دیگر جدید جنگی سامان شامل ہے۔ اس کے علاوہ برآمد شدہ اشیاء میں آر پی جی سیون راؤنڈز، کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس، یو بی جی ایل راؤنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈز بھی بڑی تعداد میں ملے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائشی آبادی کے درمیان بارودی مواد چھپانا دہشت گردوں کی ایک انتہائی خطرناک روش ہے جو معصوم شہریوں کی جانوں کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ثابت ہو سکتی تھی۔ جدید اسلحہ اور کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس کی برآمدگی سے دہشت گردوں کے بیرونی روابط اور ان کی فعال سپلائی چین کی واضح نشاندہی ہوتی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ چند روز قبل بھی سکیورٹی فورسز نے میرعلی میں ایک گھر کے اندر فتنہ الخوارج کی بارودی مواد تیار کرنے والی ایک خفیہ لیب پکڑی تھی۔
دوسری جانب ملک کے جید علماء و مشائخ نے اس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں بارودی ذخائر چھپانا، مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اور معصوم شہریوں کو خوفزدہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ خوارج انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ علماء کا کہنا ہے کہ ان فتنہ پرور عناصر کا دینِ اسلام سے کوئی دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔