امریکا ایران مذاکرات میں فعال سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
خطے میں امن کی خواہاں، عالمی معیشت کے لیے کامیابی ضروری ہے، ترک میڈیا کو انٹرویو۔
امریکا ایران مذاکرات میں فعال سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کا خواہاں ہے اور امریکا ایران مذاکرات میں ہمارا فعال سفارتی کردار مسلسل جاری ہے۔
ترک میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی براہ راست عالمی معیشت کے مفاد میں ہے، کیونکہ ایران میں کشیدگی اور جنگ کے منفی معاشی اثرات پوری دنیا کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی کے بجائے باہمی تعاون پر یقین رکھتا ہے اور امریکا و چین کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پاکستان کے لیے ایک بڑا سکیورٹی چیلنج بنی ہوئی ہے، اور افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد جدید ترین اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو علاقائی استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔