ایشیا کپ رائزنگ سٹارز،پاکستان شاہینز کا بھارت اے کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

گروپ بی کا اہم میچ، قومی ٹیم عبدالصمد کی قیادت میں میدان میں اتری، دونوں ٹیمیں فتوحات کے ساتھ مد مقابل ہیں۔

November 22, 2026 · اسپورٹس
ایشیا کپ رائزنگ سٹارز: پاکستان شاہینز کا بھارت اے کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ رائزنگ سٹارز: پاکستان شاہینز کا بھارت اے کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے گروپ بی کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں دونوں روایتی حریف اپنی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بھارت اے کو اس فارمیٹ میں تاریخی طور پر برتری حاصل ہے، تاہم پاکستان شاہینز کے نوجوان کھلاڑیوں کا عزم بلند ہے۔ اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک 14 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں سے بھارت اے نے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان شاہینز نے 5 مقابلوں میں فتح اپنے نام کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار 2023 کے اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں ٹاکرا ہوا تھا، جہاں پاکستان شاہینز نے 128 رنز کی شاندار اور فیصلہ کن فتح حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 352 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا اور بعد میں بھارتی ٹیم کو 224 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔

پاکستان شاہینز کی ٹیم کپتان عبدالصمد کی قیادت میں میدان میں اتری ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شمائل حسین، معاذ صداقت، روحیل نذیر، حسن نواز، فرحان یوسف، سعد مسعود، محمد عمران رندھاوا، احمد دانیال، سفیان مقیم اور علی رضا شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارت اے کی ٹیم کی قیادت تلک ورما کر رہے ہیں جبکہ اسکواڈ میں دیگر نامور کھلاڑی بھی شامل ہیں۔