اسکردو میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری ریکارڈ، سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی کا الرٹ جاری
شدید سردی کی لہر، بارشوں میں نمایاں کمی
اسکردو میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری ریکارڈ، سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی کا الرٹ جاری
ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے جہاں اسکردو میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسکردو اور گردونواح میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کے باعث درختوں اور پتوں پر برف کی سفید تہہ جم گئی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث صبح اور شام کے اوقات میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹس اور دستاویزات کے مطابق دونوں صوبوں میں بارشوں کی غیر معمولی کمی کے باعث خشک سالی کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد، اکتوبر میں 100 فیصد جبکہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں 99 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ بلوچستان میں بھی اکتوبر اور نومبر کے دوران بارشیں نہ ہونے کے برابر رہیں۔
موسمیاتی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں میں اس مسلسل کمی کے باعث سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول جبکہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال سے گندم سمیت ربیع کی فصلوں، زیرِ زمین پانی کے ذخائر اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم یہ واضح کیا گیا ہے کہ فی الحال یہ ایک احتیاطی الرٹ ہے اور کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ زیارت میں درجہ حرارت 6، ژوب میں 10، سبی میں 13 اور تربت میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر کراچی میں موسم خشک رہنے اور رات کے وقت خنکی بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔