وفاقی وزیر دفاع نے ریڈ لائن عبور کر لی ، شیری رحمان

وفاقی وزیر دفاع کے بیانات کا تسلسل قطعی طور پر ناقابلِ قبول ہے ، ایکس پر بیان

November 22, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمان نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیپلز پارٹی اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف دیے گئے بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر نے ریڈ لائن عبور کر لی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اتوار کے روز جاری اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کے حوالے سے وفاقی وزیر دفاع کے بیانات کا تسلسل قطعی طور پر ناقابلِ قبول ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی اپنے ردعمل میں کہا کہ سیاسی اختلاف کا حق سب کو حاصل ہے تاہم اختلاف اور تضحیک کے درمیان ایک واضح حد ہوتی ہے، اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ ریمارکس پارٹی کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ کشیدگی اس وقت سامنے آئی جب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو زرداری کے بیانات اور لاہور میں واقع بلاول ہاؤس کی ملکیت و قانونی حیثیت کے حوالے سے سوالات اٹھاتے ہوئے تنقیدی پوسٹس شیئر کی تھیں۔