کراچی میں بکتر بند گاڑیوں کی وائرل ویڈیو کی پوری کہانی، گرفتاریاں 5 ہوگئیں

گاڑیاں نجی کمپنی ایس اینڈ ٹیک آرمڈ نے فراہم کیں، فلیشر لائٹ بھی لگی تھیں، مزید ایک ملزم اور گاڑیوں کی تلاش جاری

November 23, 2026 · امت خاص
کراچی میں بکتر بند گاڑیوں کی وائرل ویڈیو کی پوری کہانی، گرفتاریاں 5 ہوگئیں

کراچی میں بکتر بند گاڑیوں کی وائرل ویڈیو کی پوری کہانی، گرفتاریاں 5 ہوگئیں

کراچی: شہرِ قائد کے پوش علاقے ڈیفنس (ڈی ایچ اے) کی سڑکوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں جیسی بکتر بند اور لگژری گاڑیوں کے غیر قانونی قافلے کی وائرل ویڈیو کے معاملے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مزید تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ساؤتھ زون پولیس کے مطابق یہ گرفتاریاں پہلے سے گرفتار مرکزی ملزم سفیان کی دورانِ تفتیش نشاندہی پر عمل میں لائی گئی ہیں۔ حراست میں لیے گئے نئے ملزمان وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز ہیں، جبکہ پولیس نے ویڈیو بنوانے والے شہری کی ایک اور لگژری گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔

یہ واقعہ رواں ماہ کے اوائل میں اس وقت منظرِ عام پر آیا تھا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں ڈیفنس کی شاہراہوں پر جدید بکتر بند گاڑیوں اور سیاہ رنگ کی لگژری گاڑیوں کو ایک قافلے کی صورت میں گزرتے دکھایا گیا تھا۔ ان نجی گاڑیوں کی بناوٹ بالکل پولیس اور سکیورٹی اداروں کی گاڑیوں جیسی تھی اور ان پر غیر قانونی طور پر پولیس فلیشر لائٹس بھی نصب تھیں۔ اس غیر معمولی منظر نے علاقہ مکینوں اور شہریوں میں شدید سنسنی، خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا تاثر پیدا کر دیا تھا۔

ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ساؤتھ زون پولیس نے ساحل تھانے میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، جس میں دھوکہ دہی، سرکاری اہلکار یا ادارے کا روپ دھارنے اور عوامی خلل و ہراسانی پھیلانے کی دفعات شامل کی گئیں۔

مقدمے میں گاڑیاں فراہم کرنے والی نجی کمپنی ایس اینڈ ٹیک آرمڈ کے منیجر سفیان اور فور بائی فور ایکسٹریم کی مالک نورین شیخ سمیت مجموعی طور پر چھ افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ ابتدائی کارروائیوں میں پولیس نے منیجر سفیان سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے ایک لینڈ کروزر ضبط کی تھی۔

تازہ گرفتاریوں کے بعد اس مقدمے میں اب تک حراست میں لیے گئے ملزمان کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے اور دو لگژری گاڑیاں پولیس کی تحویل میں آ چکی ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو میں دکھائی دینے والی مرکزی بکتر بند گاڑیاں تاحال برآمد نہیں کی جا سکی ہیں، جن کی بازیابی اور کمپنی مالکان کے کردار کے تعین کے لیے چھاپے اور تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔