وفاقی وزیر احسن اقبال بیجنگ پہنچ گئے، پاکستانی خلا نورد جلد تاریخ رقم کرے گا
اہم دورہ، چینی خلائی مشن کی لانچنگ مشق مکمل، دونوں خلا نوردوں کی تربیت مکمل ہو چکی ہے
وفاقی وزیر احسن اقبال بیجنگ میں چینی حکام اور خلائی مشن کے عہدیداران کے ساتھ موجود ہیں
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی پروفیسر احسن اقبال پاکستان کے پہلے خلا نورد کی تاریخی پرواز کی تقریب میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا خلا نورد چینی خلائی سٹیشن کا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا، جو پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
دستاویز کے مطابق خلائی مشن کے لیے 2 پاکستانی خلا نوردوں کی تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ حتمی خلا نورد کا انتخاب پرواز سے قبل عمل میں لایا جائے گا۔ وفاقی وزیر اپنے دورے کے دوران دونوں تربیت یافتہ خلا نوردوں سے خصوصی ملاقات بھی کریں گے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستانی خلا نورد کی یہ تاریخی خلائی پرواز پاک چین فولادی دوستی کی ایک نئی علامت بنے گی اور یہ پاکستان کی ایسی تاریخی اُڑان ہے جو ملک کے نوجوانوں کے خوابوں کو خلا تک لے جائے گی۔
دوسری جانب پاک چین دوستی کا ایک اور تاریخ ساز سنگِ میل سامنے آیا ہے جہاں شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر پر شین زو-24 خلائی جہاز کی کامیاب لانچنگ ڈِرل مکمل کر لی گئی ہے۔ پرواز سے قبل عملے کی اس مشترکہ مشق میں تمام خلا بازوں نے آپریشنز بالکل درست طریقے سے انجام دیے۔ چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی عہدیدار زو لو نے میڈیا کو بتایا کہ اس مشترکہ مشق میں تمام خلا باز پُرعزم تھے اور انہوں نے تمام مرحلے کامیابی سے طے کیے۔ تمام تر تربیت مکمل ہونے کے بعد اب ایک پاکستانی خلاباز چین کے شین ژو-24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں روانہ ہوگا۔