پولش اسٹنٹ مین کا آگ میں لپٹ کر زِپ لائن پر طویل ترین سفر طے

حیران کن کارنامہ، 568 فٹ سے زائد فاصلہ طے کیا، گینیز ورلڈ ریکارڈز میں نام درج کرا لیا۔

November 23, 2026 · چشم حیرت
پولش اسٹنٹ مین سٹینسلاو ماڈے آگ میں لپٹے ہوئے زِپ لائن پر سفر کرتے ہوئے

پولش اسٹنٹ مین سٹینسلاو ماڈے آگ میں لپٹے ہوئے زِپ لائن پر سفر کرتے ہوئے

 

پولینڈ سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ تجربہ کار اسٹنٹ مین سٹینسلاو ماڈے نے اپنے پورے جسم کو آگ میں لپیٹ کر زِپ لائن پر سفر کرنے کا ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔

یہ حیران کن اور خطرناک کارنامہ 3 اکتوبر کو پولینڈ کے معروف شہر لوڈز میں انجام دیا گیا، جہاں اسٹنٹ مین نے زِپ لائن کے ذریعے 568 فٹ اور 6.8 انچ کا طویل فاصلہ کامیابی کے ساتھ طے کیا۔

اسٹینسلاو ماڈے اس سے قبل شوبز انڈسٹری کے کئی بڑے پروجیکٹس کا حصہ رہ چکے ہیں، جن میں مشہور ٹی وی سیریز دی وِچر اور فلم پیراڈائس بھی شامل ہیں جہاں انہوں نے بطور اسٹنٹ پرفارمر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ گینیز ورلڈ ریکارڈز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آگ کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق انتہائی خطرناک ہوتا ہے کیونکہ یہ ایک ایسی قدرتی قوت ہے جس کا رویہ اکثر غیر متوقع ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر قابو میں نظر آنے والی صورتحال بھی لمحوں میں سنگین خطرے میں تبدیل ہو سکتی ہے، اس لیے آگ کے ساتھ کام کرتے وقت مکمل آگاہی، توجہ اور اس کا احترام سب سے زیادہ اہم ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ طویل تجربہ ہی انسان کو آگ کے غیر متوقع رویے پر بروقت اور درست ردعمل دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔