شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں عوام اور سیکیورٹی فورسز کا بھرپور اظہار یکجہتی
خصوصی مکالمہ، عوام کا افواج سے محبت کا اظہار، نعرے بازی
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی عمائدین کے درمیان خصوصی مکالمے کا منظر
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں عوام اور سیکیورٹی فورسز یکجا ہو گئے ہیں، جہاں پاک فوج سے والہانہ محبت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دستاویزی رپورٹس کے مطابق میرعلی میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی عمائدین کے درمیان ایک خوشگوار ماحول میں خصوصی مکالمہ منعقد ہوا، جس میں حسو خیل اور موساکی کے عوام اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔
اس تقریب کے دوران مقامی عوام اور عمائدین نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ اپنے گہرے اعتماد اور والہانہ محبت کا کھلا اظہار کیا۔ پاک فوج میں شمولیت کے سوال پر مقامی نوجوانوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، جبکہ تقریب کے شرکا نے پرجوش انداز میں ہاتھ اٹھا کر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
مکالمے کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے نوجوانوں اور بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے اور ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہونے پر خصوصی زور دیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں پر ہوا جن سے پوری فضا گونج اٹھی۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان باہمی اعتماد اور اس نوعیت کا خوشگوار مکالمہ علاقے میں پائیدار امن و استحکام کی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔