انڈونیشیا کی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے 24 اموات

ریسکیو آپریشن جاری، درجنوں افراد لاپتہ ہیں، ڈی این اے ٹیسٹ شروع۔

November 23, 2026 · بام دنیا
انڈونیشیا کی کینڈی فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد جاری ریسکیو آپریشن کا منظر

انڈونیشیا کی کینڈی فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد جاری ریسکیو آپریشن کا منظر

 

انڈونیشیا کے صوبے بنتن میں کینڈی تیار کرنے والی ایک فیکٹری میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔ حادثے کے وقت فیکٹری کے اندر تقریباً 300 ملازمین کام کر رہے تھے جن میں سے متعدد افراد اندر پھنس گئے تھے۔

غیر ملکی میڈیا اور مقامی حکام کے مطابق آتشزدگی کے اس واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ فیکٹری کی تین منزلہ عمارت آگ کے باعث بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کئی حصوں کی چھتیں گر چکی ہیں۔ عمارت کے غیر مستحکم ڈھانچے، ملبے اور شدید گرمی کے مقامات کی موجودگی کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے نتیجے میں لاشیں اس حد تک جھلس چکی ہیں کہ ان کی فوری شناخت ممکن نہیں ہے، جس کے پیش نظر لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل کرنے کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ شروع کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب واقعے کے بعد 29 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشنز کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے اس خوفناک حادثے کے اسباب جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔