نئے صوبوں پرن لیگ اورپی ٹی آئی پالیسی واضح کریں، پیپلز پارٹی
اہم مطالبہ، ریفرنڈم سے آئین توڑنے کی کوشش، وزیراعظم استعفیٰ دیں تو الگ ہو جائیں گے
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور اور ندیم افضل چن۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں چوہدری منظور اور ندیم افضل چن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے صوبوں کے معاملے پر اپنا واضح پالیسی بیان دیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آئین میں تبدیلی کا اختیار صرف سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے، اور حکومت ریفرنڈم کے ذریعے چور دروازے سے آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا اقدام کیا گیا تو اس سے ملک تباہی کے راستے پر گامزن ہو جائے گا اور آرٹیکل 58 ٹو بی کی واپسی جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 239 میں قانون سازی کا واضح طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ اس موقع پر یہ بھی کہا گیا کہ اگر وزیراعظم استعفیٰ دیں تو پیپلز پارٹی فوری طور پر حکومت سے الگ ہو جائے گی، کیونکہ پیپلز پارٹی اس وقت حکومت کا براہِ راست حصہ نہیں بلکہ محض اتحادی ہے۔