اسلام آباد ہائیکورٹ نیب میں نجی کمپنی کے ملازمین کی خدمات لینے پر برہم، جواب طلب
جسٹس خادم حسین سومرو کا حساس ادارے میں نجی افراد کی بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار
اسلام آباد ہائیکورٹ نیب میں نجی کمپنی کے ملازمین کی خدمات لینے پر برہم، جواب طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے نجی کمپنی کے ملازمین کی خدمات حاصل کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے سے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے ایاز محمد طاہر کی درخواست پر سماعت کی اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر جواب طلب کیا۔
سماعت کے دوران جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ افسوس کی بات ہے کہ نیب جیسے حساس ادارے میں نجی افراد بھرتی کیے جارہے ہیں۔ نیب کے پاس حساس معلومات ہوتی ہیں، بتایا جائے کہ نجی افراد وہاں کیسے کام کرسکتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے نیب خود اپنے ساتھ انصاف کرے گا تو پھر عوام کے ساتھ انصاف ہوگا۔ ایک نجی کمپنی سے کنٹریکٹرز کو نیب نے اٹھا لیا۔
درخواست گزار کے وکیل ضمیر لغاری نے عدالت کو بتایا کہ پہلے نیب نے کنٹریکٹ پر بھرتیاں کیں اور ان کی خدمات حاصل کرتا رہا، تاہم انہیں ریگولرائز نہیں کیا گیا۔ اب ادارہ ایک نجی کمپنی سے کنٹریکٹ پر خدمات حاصل کر رہا ہے۔
اس پر جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ نیب کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں کہ یہ سب کچھ کیوں کر رہے ہیں۔