جارجیا میں کتوں کا حملہ، 36 سالہ سابق امریکی فوجی خاتون ہلاک

پوسٹ مارٹم اور طبی معائنے کے بعد حکام نے تصدیق کی ، ان کی موت کتوں کے حملے کے نتیجے میں ہوئی

November 23, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

امریکی ریاست جارجیا میں کتوں کے ایک غول کے حملے میں 36 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایلیسن لین اینڈرسن نامی خاتون 16 نومبر کو کارٹرس وِل کے علاقے میں ایک خالی مکان کے قریب مردہ پائی گئی تھیں۔

جارجیا کے تحقیقاتی ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کو صبح تقریباً 9 بجے ایک خاتون کے بے ہوش پڑے ہونے کی اطلاع ملی تھی، تاہم جب اہلکار موقع پر پہنچے تو وہ دم توڑ چکی تھیں۔

ابتدائی طور پر خاتون کی موت کی وجہ واضح نہیں ہو سکی تھی، لیکن پوسٹ مارٹم اور طبی معائنے کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ ان کی موت کتوں کے حملے کے نتیجے میں ہوئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث متعدد کتوں کو پکڑ کر محکمہ حیوانات کی تحویل میں دے دیا ہے۔

مقتولہ ایلیسن لین اینڈرسن 2007 میں امریکی فوج میں شامل ہوئی تھیں اور تین بچوں کی ماں تھیں۔ ان کی 20 سالہ بیٹی مائلی گارنر حاملہ ہیں اور اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی منتظر ہیں۔

مائلی گارنر نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید تھی کہ والدہ پہلی بار نانی بننے کی خبر سن کر بے حد خوش ہوں گی، مگر بدقسمتی سے یہ حسرت ادھوری رہ گئی۔

انہوں نے کتوں کے مالکان پر سنگین غفلت اور کتوں کو قابو میں نہ رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی والدہ کے ساتھ پیش آنے والے اس انتہائی اذیت ناک واقعے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لا کر انصاف فراہم کیا جائے۔