متحدہ عرب امارات میں حکومتی خدمات کیلئے مصنوعی ذہانت کا اسسٹنٹ ’میرہ‘ متعارف
اہم اقدام، مارچ 2027 سے سروسز کا آغاز، اردو سمیت متعدد زبانوں میں دستیابی ہوگی۔
متحدہ عرب امارات میں حکومتی خدمات کیلئے مصنوعی ذہانت کا اسسٹنٹ ’میرہ‘ متعارف
متحدہ عرب امارات میں شہریوں اور رہائشیوں کو سرکاری خدمات کی فراہمی مزید آسان بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ذاتی معاون ’میرہ‘ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس جدید ڈیجیٹل سسٹم کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا ہے۔ حکومتی دستاویزات اور بیانات کے مطابق یہ اقدام حکومت کے وژن ’گورنمنٹ 4.0‘ کے تحت سرکاری خدمات کو جدید، مربوط اور مصنوعی ذہانت سے ہم آہنگ بنانے کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
امارتی حکام کا کہنا ہے کہ ’میرہ‘ مارچ 2027 سے باضابطہ طور پر اپنی خدمات کا آغاز کرے گا۔ وزیر برائے کابینہ امور محمد عبداللہ القرقاوی نے اسے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا پہلا ذاتی ڈیجیٹل معاون قرار دیا ہے جو ملک کے تمام شہریوں اور رہائشیوں کو خدمات فراہم کرے گا۔ یہ اے آئی اسسٹنٹ اردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں اپنی خدمات انجام دے گا تاکہ ہر طبقے کے لیے رسائی آسان ہو۔
دستاویزات کے مطابق یہ نیا اے آئی اسسٹنٹ ایجنٹک مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو بخوبی سمجھ کر متعلقہ سرکاری اداروں سے معلومات حاصل کرے گا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاسپورٹ، ورک پرمٹ، شناختی دستاویزات، رہائشی اجازت ناموں، صحت اور تعلیم سمیت تمام سہولتیں ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ والدین اس نظام کے ذریعے بچوں کے اسکول ریکارڈ تک رسائی حاصل کر سکیں گے جبکہ مریضوں کو ڈاکٹروں سے رابطہ کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ مارچ 2027 میں ابتدائی مرحلے کے بعد 2027 کے اختتام تک تمام سرکاری خدمات کو اس پلیٹ فارم پر مکمل طور پر دستیاب بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس جدید نظام کے نفاذ سے شہریوں کو مختلف سرکاری محکموں کے چکر لگانے یا کاغذی کارروائی کے طویل مراحل سے گزرنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔