قطری وزیرِ اعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات
یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں
قطری وزیرِ اعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی ہے۔ اس سے قبل ان کی امریکی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔
بی بی سی فارسی کے مطابق جے ڈی وینس اور قطری وزیراعظم کے درمیان علیحدہ ملاقات ہوئی، تاہم امریکی نائب صدر کے دفتر نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران قطر تہران اور واشنگٹن کے درمیان اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق قطر نے ایک تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی رکاوٹیں کم کرنے اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت وسیع تر مذاکرات کی بحالی کے بدلے تہران پر عائد پابندیوں میں محدود نرمی کی جا سکتی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان سفارتی کوششوں کی قدر کرتا ہے۔
قطر کی یہ سفارتی سرگرمیاں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کا حصہ سمجھی جا رہی ہیں۔