پی ٹی آئی کا محموداچکزئی کی قومی حکومت کی تجویز سے اظہار لاتعلقی
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مسترد کر دیا گیا
آپ فرعون سے طاقتور نہیں، وہ بھی ہار گیا تھا،ملک ایسے نہیں چل سکتا، محمود اچکزئی
تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کی جانب سے ملک میں قومی حکومت کی تشکیل کی تجویز سے باضابطہ طور پر لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حریک انصاف کے پارلیمانی گروپس کے مشترکہ اجلاس کے بعد ایک شریک نے بتایا کہ اجلاس میں محمود خان اچکزئی کے حالیہ بیان پر غور کیا گیا جس میں انہوں نے ملک میں قومی حکومت بنانے کی تجویز دی تھی اور اراکین کی اکثریت نے اس خیال کی مخالفت کی۔
تفصیلی بحث کے بعد یہ مشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ یہ تجویز محمود خان اچکزئی کی اپنی جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی ہے اور تحریک انصاف اس طرح کے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔ م
حمود خان اچکزئی نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں ایک کثیر جماعتی کانفرنس کے دوران قومی حکومت اور آئینی اصلاحات کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے مسودہ جاری کیے جانے تک پارٹی کا کوئی بھی رکن نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی پالیسی بیان جاری نہیں کرے گا۔ پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے اپنا مؤقف حتمی شکل دینے کے لیے اگلے ہفتے کے دوران نئے صوبوں کے معاملے پر اندرون خانہ بحث کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر کے درمیان تلخ کلامی کی وجہ سے اجلاس کچھ دیر کے لیے متاثر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جب سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ کچھ افراد کیا کر رہے ہیں لیکن ان کے نام نہیں لینا چاہتے تو بیرسٹر علی ظفر بھڑک اٹھے۔ بیرسٹر علی ظفر نے سلمان اکرم راجہ کو نام لینے کا چیلنج کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان کچھ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جب عامر ڈوگر اور فیصل گنڈا پور سمیت کچھ شریک اراکین نے مداخلت کر کے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا۔
سلمان اکرم راجہ نے نام لیے بغیر کہا کہ پارٹی کے کچھ اراکین نے پارٹی کے پالیسی بیانات پڑھنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی جس کی وجہ سے ان میں سے ہر ایک نے مختلف بیانات دینا شروع کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ روپوش ہونے کے باوجود سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم روزانہ کی بنیاد پر پالیسی بیانات جاری کرتے ہیں اور انہیں پارٹی کا بیانیہ بھیجتے ہیں لیکن وہ اسے نہیں پڑھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سردار لطیف کھوسہ نے شریک اراکین کو اڈیالہ جیل میں پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے اپنی حالیہ ملاقات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سردار لطیف کھوسہ نے مبینہ طور پر بتایا کہ عمران خان نے انہیں ہدایت کی تھی کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بحث کی جانی چاہیے۔ دریں اثنا شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نئے صوبوں کے لیے حکومت کے مسودے کا تجزیہ کرنے کے بعد اپنا باضابطہ ردعمل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ فوری فیصلے کرنے کے لیے ایک رابطہ کمیٹی بنائی جائے گی جس میں قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔