برطانیہ سے پاکستان کی 2 آئوٹ سورس پروازیں اچانک منسوخ۔فلائٹس پی آئی اے کے اپنے جہازوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ
نورس اٹلانٹک نے عین وقت پر آپریشن معطل کرنے کا نوٹس دے دیا
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کا آپریشن 26 نومبر سے بوئنگ 777 فلیٹ پر منتقل کر دے گی۔ یہ فیصلہ ویٹ لیز پارٹنر نورس اٹلانٹک ایئرویز کی جانب سے اچانک آپریشن معطل کرنے کے بعد کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لندن اور مانچسٹر سے آنے والی 2 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب طویل فاصلے کی سستی پروازیں فراہم کرنے والی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک نے کہا کہ اس کی مالی حالت انتہائی نازک ہے اور اسے قلیل مدتی نقد رقم کی ضروریات پوری کرنے اور آپریشن جاری رکھنے کے لیے نئی مالی معاونت کی ضرورت ہے۔
امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی زد میں آکر نورس نے جولائی میں ایک ممکنہ فروخت یا انضمام کے لیے باضابطہ عمل شروع کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کچھ بوئنگ 787 طیارے لیز پر دینے کے حوالے سے دیگر ایئر لائنز سے بات چیت کر رہی ہے۔
ایک بیان میں پی آئی اے نے بتایا کہ لندن ہیتھرو سے اسلام آباد جانے والی پرواز PK786 جو کہ شام 7 بج کر 55 منٹ پر روانہ ہونی تھی اور مانچسٹر سے لاہور جانے والی پرواز PK710 جو کہ شام 7 بجے روانہ ہونی تھی، منسوخ کر دی گئیں۔ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ آپریشنل معطلی کا یہ نوٹس بغیر کسی پیشگی انتباہ کے اس وقت پی آئی اے کو دیا گیا جب لندن اور مانچسٹر میں مسافر اپنی متعلقہ پروازوں میں سوار ہونے کی تیاری کر رہے تھے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے ہر متاثرہ مسافر کی زحمت پر معذرت چاہتی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ، مسافروں کو کسی بھی مزید تیسرے فریق کی رکاوٹوں سے بچانے اور شیڈول کو محفوظ رکھنے کے لیے پی آئی اے اپنی برطانیہ کی پروازوں کا آپریشن جمعرات سے براہ راست اپنے بوئنگ 777 فلیٹ پر منتقل کر رہی ہے۔
پی آئی اے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نورس اٹلانٹک ایئرویز کے ساتھ اس معاملے کو اعلیٰ ترین معاہداتی اور انتظامی سطح پر اٹھایا جا رہا ہے۔بیان میں تصدیق کی گئی کہ ہنگامی انتظامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں اور پی آئی اے کا شیڈول تمام نیٹ ورک پوائنٹس پر معمول کے مطابق کام کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ایک نیلامی کے ذریعے پی آئی اے کی باقاعدہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری اور نجکاری کی گئی تھی۔ عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ کی قیادت میں ایک کنسورشیم نے گزشتہ سال دسمبر میں پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کے لیے ہونے والی نیلامی میں 135 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر کامیابی حاصل کی تھی۔ عارف حبیب کی زیر قیادت اس کنسورشیم نے عزم ظاہر کیا تھا کہ وہ آپریشنل تنظیم نو، فلیٹ کی توسیع اور بہتر کسٹمر سروس کے ذریعے اس خسارے میں جانے والی ایئر لائن کو منافع بخش ادارے میں بدل دے گا۔