اسلام آبادمیں مکہ اتحاد کا اجلاس۔28 نومبرتک فیض آبادٹرمینل بند،میٹرواورالیکٹرک بس جزوی معطل

غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ٹریفک انتظامات

November 26, 2026 · امت خاص
سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے اعلیٰ حکام مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ملاقات کر رہے ہیں۔

سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے اعلیٰ حکام مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ملاقات کر رہے ہیں۔

 

اسلام آباد میں مکہ اتحاد کے اہم اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، وفاقی دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی۔پبلک ٹرانسپورٹ کی بعض سروسز جزوی طور پر معطل رہیں گی۔

مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا اجلاس 27 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور افواج کی اعلیٰ قیادت اس اجلاس میں شرکت کرے گی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے 20 نومبر کو اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا تھا کہ یہ اجلاس معاہدے کے تحت پیش رفت کا جائزہ لینے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا کیونکہ یہ ابھی ارتقائی مراحل میں ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہو گی۔

غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات ساڑھے 12 بجے تک بھاری ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔جمعرات کی شام 6 بجے سے ہفتے کی صبح 12 بج کر 30 منٹ تک موٹروے اور گرینڈ ٹرنک روڈ کے ذریعے بھاری گاڑیوں کا اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں داخلہ بند رہے گا۔

، فیض آباد بس ٹرمینل 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات ساڑھے 12 بجے تک بند رہے گا۔اسی طرح 7th ایونیو میٹرو اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس 26 نومبر رات 10 بجے سے 28 نومبر رات ساڑھے 12بجے تک معطل رہے گی۔

مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز 3 اور 5، بھی 27 نومبر صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گے۔