کراچی میں عمارت گرنے کے بعد17افرادتاحال لاپتہ۔ریسکیو آپریشن ایک ہفتہ جاری رہنے کا امکان
ٹیپو سلطان تھانے میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج
کراچی: بلوچ کالونی میں عمارت منہدم ہونے کے بعد اطراف کی 12 عمارتیں سیل
کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں بلڈنگ گرنے کے واقعے میں اب تک 17 افراد لاپتہ ہیں،ریسکیو آپریشن مکمل ہونے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتاہے۔ واقعے کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، غفلت، لاپروائی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں ، 10 افراکو نامزدہیں جن میں سے4 گرفتار ہیں۔
پولیس کا کہناہے کہ 17 افراد کے اہلِ خانہ نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر کے ان کے لاپتہ ہونے کا بتایا ہے۔ڈی سی ایسٹ کے مختیارکار پرویز بھٹو نے بتایا کہ عمارت کے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم 17 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔پرویز بھٹو کے مطابق لاپتا ہونے والے تمام افراد مزدور تھے۔ دو لاپتا افراد کے اہل خانہ نے انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے۔ ریسکیو کا کام مکمل ہونے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
ریسکیو آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے ڈی جی ریسکیو 1122 سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ واجد صبغت اللّٰہ مہر اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈی جی ریسکیو 1122 نے ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے سمیت سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں پیشہ ورانہ مہارت، حفاظتی اقدامات اور باہمی رابطے کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
واضح رہے کہ کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ نئی تعمیر کی گئی عمارت گرنے کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، 14 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا گیا، کئی افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں، عمارت کے کنٹریکٹر اور مالک کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ایس بی سی اے کے 8 افسران کو عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کمشنر کراچی 24 گھنٹوں میں واقعے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کریں گے۔