اسلام آباد میں پی ایس او کی سپلائی لائن تک سرنگ لگاکر 2 کروڑ روپے کا تیل چوری

تھانہ ہمک میں مقدمہ درج۔ ملزم گرفتار

November 26, 2026 · قومی
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

 

اسلام آباد میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کی سپلائی لائن میں نقب لگا کر کروڑوں کا تیل چوری کر لیا گیا ہے۔تھانہ ہمک کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے میں ملزمان نے ایک گھر کے فرش کے نیچے خفیہ سرنگ کھود کر ہائی پریشر پائپ نصب کر کے پائپ لائن تک رسائی حاصل کی تھی۔

تھانہ ہمک میں پی ایس او کے سہالہ ٹرمینل (کہوٹہ روڈ) کے انسٹالیشن منیجر محمد رحمت اللہ کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ یہ واردات 16 اکتوبر سے 23 نومبر 2026 کے درمیان ہوئی، جس کا انکشاف پائپ لائن کے دباؤ میں مسلسل کمی کے بعد ہوا۔

محمد رحمت اللہ کے مطابق پی ایس او کی سہالہ تنصیبات اٹک ریفائنری لمیٹڈ سے 15 کلومیٹر طویل اور آٹھ انچ قطر کی پائپ لائن کے ذریعے منسلک ہیں۔ 16 اکتوبر 2026 سے روزانہ مخصوص اوقات میں پائپ لائن کے دباؤ اور ڈیزل کی مقدار میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی تھی، جس پر پی ایس او نے لائن کی نگرانی شروع کی۔

23 نومبر 2026 کو گشت پر مامور پی ایس او کے سکیورٹی عملے نے ماڈل ٹاؤن غربی ہمک کے ایک گھر میں ایک ڈالے کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی اور فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور پی ایس او کی سکیورٹی ٹیم رات پونے ایک بجے موقع پر پہنچے۔ دروازہ کھٹکھٹانے پر ایک شخص باہر آیا جس نے اپنا نام افتخار ولد محمد علی بتایا۔

گھر کے اندر سے ایک سفید ڈالہ بھی ملا جس کے اوپر قریباً چھ ہزار لیٹر گنجائش کی ٹنکی نصب تھی۔ اس کے علاوہ ایک سفید سوزوکی بولان اور ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لی گئی۔

درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر گھر کے کچن کے فرش پر لگے سلیب کے نیچے ایک گڑھا دریافت ہوا، جس میں تیل چوری کرنے کے لیے ہائی پریشر پائپ اور نوزل نصب کیے گئے تھے۔ یہ پائپ دیوار کے ساتھ ساتھ ملحقہ پلاٹ تک جا رہا تھا۔ جب گھر کی بیٹھک کا فرش توڑا گیا تو اس کے نیچے ایک باقاعدہ سرنگ برآمد ہوئی جو براہِ راست پی ایس او کی مرکزی پائپ لائن سے جڑی ہوئی تھی۔

دورانِ تفتیش ملزم افتخار نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر طویل عرصے سے مختلف مقامات اور اوقات میں پی ایس او کی پیٹرولیم مصنوعات چوری کر رہا تھا۔

پی ایس او کے منیجر کے مطابق اس واردات میں کمپنی کو قریباً 49 ہزار لیٹر ڈیزل کا نقصان پہنچا جس کی مالیت ایک کروڑ 76 لاکھ روپے بنتی ہے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں زیرِ زمین پائپ لائنوں سے تیل چوری کا یہ سلسلہ نیا نہیں ، بلکہ صرف 2026 کے دوران ہمک کے حالیہ واقعے کے علاوہ بھی تیل چوری کی بڑی وارداتیں سامنے آ چکی ہیں جن میں ملزمان نے قریباً یکساں طریقہ واردات اختیار کیا۔

رواں سال اب تک تین ایسے بڑے واقعات کے باقاعدہ مقدمات درج ہو چکے ہیں، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو مزید واقعات بھی پیش آئے جن کی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی۔

نومبر میں ہی راولپنڈی کے نواحی علاقے رنیال میں اٹک سے مورگاہ جانے والی خام تیل کی مرکزی پائپ لائن سے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ایک ہزار ایک سوبیرل خام تیل کی چوری پکڑی گئی۔جولائی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پی ایس او کی مشترکہ کارروائی کے دوران سہالہ کے قریب پی ایس او کی مرکزی سپلائی لائن سے ڈیزل چوری کرنے والے ایک منظم نیٹ ورک کا سراغ لگایا گیاتھا۔

ماہرین کے مطابق ،تیل کے دباؤ اور مقدار کی نگرانی کرنے والے متعلقہ عملے کو کسی بھی کمی کا فوری علم ہو جاتا ہے، لہٰذا اندرونی ملی بھگت کے بغیر ایسی وارداتیں مشکل ہیں۔