امریکی مسافر طیارہ سمندر میں گرکرتباہ۔ بچوں سمیت سب مسافر ڈوب گئے

واقعہ خلیج میکسیکو میں پیش آیا

November 26, 2026 · بام دنیا
تصویر: ٹی آر ٹی

تصویر: ٹی آر ٹی

امریکی ساحل کے قریب مسافر طیارہ سمندر میں گرنے سے دو بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریاست مسیسیپی کے ساحل کے قریب مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا جب کہ مسافر ڈوب کر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ واقعہ خلیج میکسیکو میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار طیارہ نیو اورلینز سے فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز کی جانب رواں دواں تھا۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ریاست الاباما کے فضائی ٹریفک کنٹرول مرکز نے سہ پہر تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع دی تھی۔جس کے بعد ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا، کئی گھنٹے کھلے سمندر میں تلاش و بسیار کے بعد 3 حفاظتی جیکٹس، لائف رافٹ اور طیارے کا کیبن پانی میں تیرتا ہوا برآمد کیا گیا۔

ترجمان امریکی کوسٹ نے بتایا کہ طیارہ سیسنا 210 طیارہ پاسکاگولا اور ہارن آئی لینڈ کے درمیان سمندر میں گرا تھا، غوطہ خوروں نے طیارے کے ڈھانچے کے اندر سے تمام 6 افراد کی لاشوں کو برآمد کرلیا ہے۔

افسوسناک واقعے کی وجہ کا تعین کرنے کےلیے مریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی اور قومی ادارہ برائے تحفظِ ٹرانسپورٹ نے تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے۔