ایف بی آر کا انکم ٹیکس اپیلوں کیلئے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

اپیل کنندگان کو تحریری دلائل پر فیصلے کا اختیار، انٹرنیٹ سہولت نہ رکھنے والوں کیلئے فیلڈ آپریشنز ونگ میں شرکت کی سہولت

November 26, 2026 · قومی

ایف بی آر کا انکم ٹیکس اپیلوں کیلئے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس اپیلوں کے لیے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت اپیلوں کی سماعت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوگی اور اپیل سننے والے کمشنر اپیلز کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی ترامیم جاری کردی ہیں، جن کے تحت اپیلز ونگ کے قیام اور فیس لیس اپیلوں کے لیے نیا باب شامل کیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت انکم ٹیکس اپیلیں ایف بی آر کے ای پورٹل کے ذریعے دائر کی جائیں گی، جبکہ اپیلوں کی تقسیم خودکار، رینڈم اور متحرک نظام کے تحت ہوگی۔

اپیل کی سماعت کے دوران کمشنر اپیلز کا چہرہ دکھائی نہیں دے گا اور ان کی آواز بھی تبدیل کی جائے گی۔ اسی طرح اپیل کنندگان اور متعلقہ حکام کی ذاتی پیشی پر پابندی ہوگی، جبکہ تمام نوٹسز، جوابات، دلائل اور شواہد الیکٹرانک طریقے سے جمع کرائے جائیں گے۔

ایف بی آر کے نئے نظام کے تحت اپیل کنندگان کو تحریری دلائل کی بنیاد پر فیصلہ حاصل کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔ انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھنے والے افراد قریبی فیلڈ آپریشنز ونگ میں سماعت میں شریک ہوسکیں گے۔

ترامیم کے مطابق آڈٹ، اسیسمنٹ یا متنازع حکم جاری کرنے والا افسر اپیل کا فیصلہ نہیں کرسکے گا۔ اپیلز ونگ ایف بی آر کے ممبر لیگل ان لینڈ ریونیو کے انتظامی کنٹرول میں کام کرے گا، جبکہ سینٹر کا کوئی افسر کمشنر اپیلز کو فیصلے سے متعلق ہدایات نہیں دے سکے گا۔

اپیلوں کے فیصلے ڈیجیٹل شناختی نمبر (DIN) کے ساتھ جاری کیے جائیں گے، جبکہ ای پورٹل کی تکنیکی خرابی کے باعث اپیل دائر کرنے میں ہونے والی تاخیر کو معقول وجہ تصور کیا جائے گا۔

نئے قواعد کے مطابق سماعت شروع ہونے کے بعد اپیل کی منتقلی کے لیے تحریری وجوہات ریکارڈ کرنا لازمی ہوگا۔ اپیل کی منتقلی کی درخواست دینے کی صورت میں اپیل کنندہ کو ازسرنو سماعت کا حق بھی حاصل ہوگا۔

نئے نظام کا اطلاق ایف بی آر کی جانب سے سرکاری گزٹ میں مقرر کردہ تاریخ سے ہوگا، جبکہ مختلف نوعیت کی اپیلوں کے لیے نفاذ کی الگ الگ تاریخیں بھی مقرر کی جاسکیں گی۔

پہلے سے زیر التوا اپیلیں متعلقہ کمشنر اپیلز ہی نمٹائیں گے، تاہم ایف بی آر بورڈ انہیں سینٹر منتقل کرسکے گا۔ متاثرہ ٹیکس دہندگان کا اپیلیٹ ٹربیونل میں براہ راست اپیل دائر کرنے کا اختیار بھی برقرار رہے گا۔