صحت کے شعبے کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
این آئی ایچ کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے اور صوبوں سے رابطے کی ہدایت
صحت کے شعبے کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ بیماریوں کی نگرانی، عوامی صحت، طبی تحقیق، ویکسینز اور حیاتیاتی مصنوعات کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کی حیثیت رکھتا ہے۔ قومی اہمیت کے اس ادارے کو خدمات کی انجام دہی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو بورڈ آف گورنرز کی جانب سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو درپیش ادارہ جاتی مسائل پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے این آئی ایچ کے طویل المدتی قانونی، انتظامی اور دیگر مسائل کے فوری حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ملک بھر میں بیماریوں کی مؤثر نگرانی، بروقت معلومات کے تبادلے اور مربوط اقدامات کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں این آئی ایچ کے بورڈ آف گورنرز کے ارکان، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔