ایران جوہری ہتھیاروں سے اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کو نشانہ بنا سکتا تھا، ٹرمپ

امریکا کو مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے بقول امریکا کے پاس دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ تیل موجود ہے۔

November 27, 2026 · بام دنیا
ایران جوہری ہتھیاروں سے اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کو نشانہ بنا سکتا تھا، ٹرمپ

ایران جوہری ہتھیاروں سے اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کو نشانہ بنا سکتا تھا، ٹرمپ

اسلام آباد- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام بڑھتا تو ایران اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار استعمال کر سکتا تھا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا خدشہ تھا۔

تھینکس گیونگ کے موقع پر مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے بقول امریکا کے پاس دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ تیل موجود ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی اصل ضرورت مشرقِ وسطیٰ میں امن کا قیام ہے، کیونکہ خطے میں امن نہ ہونے کی صورت میں شدید بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور وہ اسرائیل سمیت مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کے علاوہ امریکی شہروں کو بھی نشانہ بنا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ایرانی میزائلوں کی صلاحیتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے میزائل امریکا تک پہنچنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، تاہم وہ یورپ کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر امریکا نے مضبوط اور دانشمندانہ مؤقف اختیار نہ کیا ہوتا تو صورتِ حال مزید سنگین ہو سکتی تھی۔

ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں ایران کے ممکنہ جوہری خطرے کو خطے اور عالمی امن کے لیے بڑا خدشہ قرار دیا، تاہم یہ تمام باتیں امریکی صدر کے دعووں پر مبنی ہیں۔