صدر مملکت نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی

اہم فیصلہ، کنٹریکٹ کی منظوری دیدی گئی، ریٹائرمنٹ دسمبر میں ہونی تھی

November 27, 2026 · قومی
صدر مملکت نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی

صدر مملکت نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کے نئے 2 سالہ کنٹریکٹ کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں وہ آئندہ 2 سال تک سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھ سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق عاصم افتخار احمد پاکستان کے تجربہ کار سفارت کاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اس وقت وزارت خارجہ میں ملک کے اعلیٰ ترین سفارتی عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں دوطرفہ اور کثیرالجہتی سفارت کاری کا کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔

سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں، اس دوران انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی مؤقف اور ترجیحات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔ وہ وزارت خارجہ کے ترجمان کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق رواں سال دسمبر میں ان کی ریٹائرمنٹ متوقع تھی، تاہم 2 سالہ توسیع ملنے کے بعد اب وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ اس اقدام کو ملکی خارجہ پالیسی کے تسلسل اور اہم سفارتی معاملات میں تجربہ کار قیادت برقرار رکھنے کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔