بنگلہ دیش میں اجرتوں کے خلاف گارمنٹس ورکرز کا احتجاج، پولیس کی شیلنگ
کم اجرت پر ہنگامہ، پولیس کی آنسو گیس شیلنگ، صورت حال کشیدہ۔
بنگلہ دیش میں اجرتوں کے خلاف گارمنٹس ورکرز کا احتجاج، پولیس کی شیلنگ
بنگلہ دیش میں کم از کم اجرت میں اضافے کے مطالبے پر احتجاج کرنے والے گارمنٹس ورکرز کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسائے اور ساؤنڈ گرینیڈ استعمال کیے، جبکہ مظاہرین نے ایک پولیس موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا کے قریب صنعتی مرکز غازی پور میں تازہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب مظاہرین نے زیادہ اجرت کے مطالبے پر ایک اہم شاہراہ بند کرنے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق مظاہرین نے ایک پولیس موٹر سائیکل کو نذر آتش کیا، تاہم بعد ازاں صورت حال پر قابو پالیا گیا۔ غازی پور انڈسٹریل پولیس کے سپرنٹنڈنٹ محمد امجد حسین نے بتایا کہ علاقے میں اب صورت حال پُرسکون ہے، تاہم پولیس ہائی الرٹ ہے۔ یہ احتجاج ایک روز قبل حکومت کی مقرر کردہ کمیٹی کی جانب سے گارمنٹس ورکرز کی کم از کم اجرت میں 36 فیصد اضافے کی منظوری کے بعد شروع ہوا۔ یہ اضافہ گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران کم ترین قرار دیا گیا ہے، جبکہ مزدور کئی ہفتوں سے کم از کم اجرت دوگنا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اجرت میں اضافے کا فیصلہ مزدوروں اور مالکان کے نمائندوں کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد کیا گیا، تاہم اس اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی احتجاج شروع ہوگیا۔ مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ 36 فیصد اضافہ مزدوروں کے مطالبات سے بہت کم ہے اور اس سے انہیں باعزت زندگی گزارنے کے لیے درکار آمدن حاصل نہیں ہوسکے گی۔ رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں گارمنٹس انڈسٹری سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں۔ مزدوروں کے جاری احتجاج کے باعث متعدد فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں، شاہراہیں بلاک ہوئی ہیں اور صنعتی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔