ایرانی فضائی دفاعی نظام کی وارننگ، امریکی لڑاکا طیارہ خلیج سے پسپا
خلیج میں کشیدگی، پاسداران انقلاب کا دعویٰ، ملکی فضائی حدود ناقابلِ سمجھوتہ ہیں۔
ایرانی فضائی دفاعی نظام کی وارننگ، امریکی لڑاکا طیارہ خلیج سے پسپا
تہران (نیوز ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے خلیج میں جزیرہ ہنگام کے قریب امریکی فوجی ایف 16 لڑاکا طیارے کو وارننگ فائر کرکے واپس جانے پر مجبور کردیا ہے۔
الجزیرہ نے ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے حوالے سے بتایا کہ آئی آر جی سی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق امریکی لڑاکا طیارہ جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی ساحلی پانیوں میں ایرانی فضائی حدود کے قریب پہنچا تھا۔ جاری کردہ بیان کے مطابق یہ طیارہ ایسے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا جو مبینہ طور پر سمندری آمدورفت کے ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔
آئی آر جی سی کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کے بعد امریکی طیارے نے اچانک رخ تبدیل کیا اور علاقے سے واپس چلا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب نے اس موقع پر سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے ضوابط اور نگرانی کے نظام کو نظرانداز کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار عناصر اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایرانی فوج نے دوٹوک مؤقف اپنایا ہے کہ ملکی فضائی حدود ان کے لیے ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر ہیں اور امریکی طیاروں کی جانب سے بار بار خلاف ورزی کی کوششوں کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔