لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے کی تصدیق باقی ہے،ترجمان دفتر خارجہ

وزارتِ خارجہ میڈیا رپورٹس کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور طرابلس میں واقع پاکستانی سفارت خانہ حقائق جاننے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

November 27, 2026 · قومی
لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے کی تصدیق باقی ہے

لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے کی تصدیق باقی ہے

ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی موجودگی سے متعلق خبروں کی تاحال آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ وزارتِ خارجہ میڈیا رپورٹس کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور طرابلس میں واقع پاکستانی سفارت خانہ حقائق جاننے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سفارت خانہ لیبیا کے متعلقہ حکام، بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں کوئی پاکستانی شہری سوار تھا یا نہیں۔ مصدقہ تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی مزید معلومات کا اجرا کیا جائے گا۔

دوسری جانب باجوڑ میں غیر قانونی راستوں سے یورپ جانے کے دوران جاں بحق یا لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کے ورثا کی جانب سے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹریول ایجنٹس کی جانب سے اموات کی تصدیق موصول ہوئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

وزیر مملکت مبارک زیب خان نے بتایا ہے کہ وہ پاکستانی سفارت خانے اور وزارتِ سمندر پار پاکستانیز کے حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو معاونت فراہم کی جا سکے اور ممکنہ لاشوں کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔ واضح رہے کہ غیر قانونی طریقوں سے یورپ جانے کے دوران ماضی میں بھی متعدد المناک حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔