مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر ملک بھر میں جے یو آئی کے احتجاجی مظاہرے

جے یو آئی کے کارکنوں کا قائد جمعیت اور دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ

November 27, 2026 · قومی
مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر ملک بھر میں جے یو آئی کے احتجاجی مظاہرے

مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر ملک بھر میں جے یو آئی کے احتجاجی مظاہرے

ملک بھر میں جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جہاں مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر مبینہ غیرقانونی نظر بندی، گرفتاریوں اور ریاستی کارروائیوں کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔ جے یو آئی کے کارکنوں نے قائد جمعیت اور دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں جمعیت علمائے اسلام ضلع لکی مروت کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیل غزنی خیل کے جنرل سیکرٹری مولانا انعام اللہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے احتجاجی تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سوات میں بھی مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر دوسرے روز احتجاجی سرگرمیاں جاری رہیں، جبکہ اپر کوہستان میں بھی جے یو آئی کے کارکنوں نے مبینہ غیرقانونی نظر بندی اور جبری گرفتاریوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع پشین میں جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے ضلعی امیر صاحبزادہ مولانا کمال الدین کی صدارت میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر قائدین کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی اقدامات کے خلاف نعرے لگائے۔

ادھر بونیر میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی نائب امیر مفتی فضل غفور کی گرفتاری کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔

مانسہرہ کے علاقے غازی کوٹ میں احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے جے یو آئی کارکنوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انہیں 3 ایم پی او کے تحت تین ماہ کے لیے ہری پور جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پارٹی رہنماؤں نے قائدین کی رہائی اور گرفتاریوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔