علی رضا کی تباہ کن بولنگ،بنگلہ دیش اے کے 25 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ
شہادت حسین 11 گیندوں پر 8 رنز جبکہ مہیدول اسلام انکون 16 گیندوں پر ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں
علی رضا کی تباہ کن بولنگ،بنگلہ دیش اے کے 25 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ
دوحہ: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اے کے فاسٹ بولر علی رضا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش اے کے ابتدائی دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، جس کے بعد حریف ٹیم 8.1 اوورز میں 25 رنز پر 2 وکٹیں گنوا چکی ہے۔
دوحہ میں جاری ڈے اینڈ نائٹ مقابلے میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے حریف بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا۔
پاکستان اے کی جانب سے علی رضا نے محمود الحسن جوئے اور بنگلہ دیشی کپتان سیف حسن کو آؤٹ کیا۔ محمود الحسن جوئے 17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر بولڈ ہوئے جبکہ سیف حسن 5 گیندوں پر 2 رنز بنا کر روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
علی رضا نے 4.1 اوورز میں ایک میڈن اوور کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بولنگ نے بنگلہ دیش اے کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔
دوسری جانب محمد عمران نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں صرف 6 رنز دیے، تاہم وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
تازہ ترین اسکور کے مطابق شہادت حسین 11 گیندوں پر 8 رنز جبکہ مہیدول اسلام انکون 16 گیندوں پر ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش اے نے 8.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 25 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اس اہم سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائے گی۔