معدنیات کے قومی اثاثوں سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوں گی، ثمر ہارون بلور
اہم پیش رفت، جے آئی ٹی رپورٹ طلب، ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی
معدنیات کے قومی اثاثوں سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوں گی، ثمر ہارون بلور
پشاور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے اعلان کیا ہے کہ معدنیات کے قومی اثاثوں کے ساتھ مبینہ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آرز درج کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹس پولیس ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ رابطہ کاری کے بعد جے آئی ٹی کو فراہم کی جا رہی ہیں، اور رپورٹ مکمل ہونے کے بعد سلسلہ وار کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق معدنیات سے متعلق ابتدائی ڈیٹا جمع کرا دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز کی تفصیلی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی شکنجہ کسا جائے گا۔ تحقیقات کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ایک ریٹائرڈ ہائیکورٹ جج کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے ذمہ داروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے گا۔
حکومتی اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معدنیات کے حوالے سے جاری بعض بلاک ریلیز کے معاملات منسوخ کر دیے گئے ہیں اور اب ان کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ پلسر مائننگ سے متعلق نئی قانون سازی پر مشیر قانون اور محکمہ قانون تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
دستاویز کے مطابق معدنیات کے سابقہ معاملات میں متعدد سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں ہیں۔ بعض معاہدے سرے سے غیر قانونی تھے، ادائیگیوں کی شرائط نامناسب تھیں اور مزدوروں کے حقوق سمیت انسانی حقوق کو بھی یکسر نظرانداز کیا جا رہا تھا۔ ثمر ہارون بلور نے انکشاف کیا کہ معدنیات نکالنے کا عمل جس بے دردی اور تیز رفتار سے جاری تھا، اس سے محض 1 یا 2 سال میں متعلقہ علاقے مکمل طور پر خالی ہو جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ صوبائی حکومت ان تمام معاملات کے حل کے لیے ٹھوس قانونی راستہ تلاش کر رہی ہے تاکہ قیمتی معدنی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور تمام مبینہ خلاف ورزیوں کا سدباب کیا جا سکے۔