سندھ اسمبلی ، شرجیل میمن کی تقریر کے دوران ایم کیو ایم ارکان کی نعرے بازی

اگر یہ پلان کر کے آئے ہیں کہ شور شرابہ کرنا ہے تو شور شرابہ کرلیں، بات کرنی ہے تو کرلیں ، شرجیل انعام میمن

November 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے صوبہ بنانے کےلیے سب ٹوپی ڈرامہ کر رہے ہیں، اگر یہ پلان کر کے آئے ہیں کہ شور شرابہ کرنا ہے تو شور شرابہ کرلیں، بات کرنی ہے تو کرلیں۔

سندھ اسمبلی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب ایم کیو ایم کے میئر آئے انہوں نے ادارے تباہ کیے، پارکوں پر قبضے کیے، شہر میں ہر برائی کی وجہ متحدہ ہے۔اعتراض وہ کر رہے ہیں جنہوں نے بلدیہ فیکٹری میں زندہ لوگ جلائے، 12 مئی کو لوگوں کو مارا، یہ وہی ایم کیو ایم ہے۔یہ صوبہ بنانے کے لیے سب ٹوپی ڈرامہ کر رہے ہیں، سندھ کی انڈسٹری شفٹ ہوئی کیونکہ تاجروں سے یہ بھتے لیتے تھے۔

شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے عمارت گرنے کے واقعے پر سخت ایکشن لیا ہے، کارروائی کی، ایف آئی آر کاٹی، بندے گرفتار کیے، بلڈنگ کے مالک کو گرفتار کیا ہے، اعلیٰ افسران کو معطل کیا ہے۔یہ صوبوں کا ماحول بنانے کے لیے یہ سب کر رہے ہیں، ایم کیو ایم کی کوششوں کو کامیاب ہونےنہیں دیا جائے گا۔

سینئر وزیر سندھ کی تقریر کے دوران ایوان میں ایم کیو ایم اراکین نے شدید نعرے بازی کی۔