پاکستان کی تمام مصنوعات کو چینی منڈی میں ڈیوٹی فری رسائی کی درخواست

اہم اقتصادی مذاکرات، احسن اقبال کا دورہ بیجنگ، معاشی اہداف کا اعلان۔

November 27, 2026 · قومی
پاکستان کی تمام مصنوعات کو چینی منڈی میں ڈیوٹی فری رسائی کی درخواست

پاکستان کی تمام مصنوعات کو چینی منڈی میں ڈیوٹی فری رسائی کی درخواست

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے دورہ بیجنگ کے دوران پاکستان نے اپنی تمام برآمدات اور مصنوعات کو چینی منڈی تک ڈیوٹی فری رسائی دینے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ بیجنگ میں چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کے نائب چیئرمین ژو ہائی بنگ سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بھی افریقی ممالک کی طرز پر چین میں زیرو ٹیرف تجارتی سہولت فراہم کی جائے۔ دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 میں چین سے پاکستان کی درآمدات 22.34 ارب ڈالر جبکہ برآمدات 2.71 ارب ڈالر رہیں۔

ملاقات میں دو طرفہ تجارتی توازن، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور سی پیک کے صنعتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق احسن اقبال نے 576 ارب روپے کے تھاکوٹ تا رائے کوٹ منصوبے کے تحت 102 کلومیٹر طویل تھور نالہ تا رائے کوٹ سیکشن کے مالیاتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ کراچی سے روہڑی اور اس سے آگے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن میں چین کی شمولیت، بابوسر ٹنل سمیت سڑکوں کے چار منصوبوں کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈیز میں پیش رفت اور گوادر میں باقاعدہ بحری جہاز رانی کی بحالی کے لیے چینی معاونت طلب کی گئی۔

وفاقی وزیر نے گوادر بندرگاہ پر پیٹرولیم کے تزویراتی ذخائر کے قیام کے لیے مشترکہ مطالعے کی تجویز پیش کی، جبکہ کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں پر پیش رفت اور بعض بجلی گھروں کو تھر کے کوئلے پر منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا گیا۔ سیہ دق تانبے کے منصوبے کے لیے چین کی منظوری، 2 سے 3 خصوصی اقتصادی زونز کی مشترکہ ترقی اور پورٹ قاسم ایلومینیم کمپلیکس، تھر میں کھاد کے کارخانے اور دھابیجی میں آئل ریفائنری و ایندھن ذخیرہ کرنے کے کمپلیکس کو سی پیک میں شامل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

دریں اثنا، بیجنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اڑان پاکستان کے تحت ملک کو 2035 تک 1 ہزار ارب اور 2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں جو کہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 2 برس میں تقریباً 5 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں، اور پاکستان آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کے لیے پُرامید ہے۔