امریکی ساحلی ریاستوں میں طوفان سے تباہی، لاکھوں افراد بجلی سے محروم
شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور تیز ہواؤں نے معمولات زندگی متاثر کیے، پروازوں کا شیڈول بھی درہم برہم
امریکی ساحلی ریاستوں میں طوفان سے تباہی، لاکھوں افراد بجلی سے محروم
واشنگٹن: امریکا کی مشرقی اور مغربی ساحلی ریاستوں میں طوفان، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، مختلف ریاستوں میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پنسلوانیا، نیوجرسی، میری لینڈ اور ورجینیا میں بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی، جس کے بعد متاثرہ ریاستوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے امدادی ٹیمیں سرگرم ہیں۔
شدید بارش اور سمندری لہروں کے باعث ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ مغربی ساحلی علاقوں میں بلند سمندری لہروں اور سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔
طوفانی موسم کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا۔ جمعرات کو 2 ہزار 500 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ 450 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر مسافر 13 گھنٹے تک پھنسے رہے۔
دوسری جانب واشنگٹن ڈی سی میں بھی طوفانی بارش ہوئی جبکہ نیویارک کی معروف میسیز تھینکس گیونگ پریڈ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔