پولیس نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کے گھر کا گھیراؤ کر لیا،جے یو آئی ترجمان کا احتجاج
جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج مؤخر کیا تھا، لیکن حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔
پولیس نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کے گھر کا گھیراؤ کر لیا،جے یو آئی ترجمان کا احتجاج
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ کیا گیا ہے اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج مؤخر کیا تھا، لیکن حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔
ترجمان جے یو آئی نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت امن چاہتی ہے تو پھر تصادم پر کیوں تلی ہوئی ہے اور حکمران کس کے اشارے پر حالات خراب کر رہے ہیں؟
اسلم غوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ ختم کیا جائے اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بصورت دیگر پیدا ہونے والے تمام حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔