کویت میں پاکستانی سفیرکی ڈرون حملے میں زخمی پاکستانی شہری کی ہسپتال میں عیادت

علاج معالجے کے امور پر ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں سے تفصیلی بریفنگ لی۔

November 28, 2026 · بام دنیا
کویت میں پاکستانی سفیرکی ڈرون حملے میں زخمی پاکستانی شہری کی عیادت

کویت میں پاکستانی سفیرکی ڈرون حملے میں زخمی پاکستانی شہری کی عیادت

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کی عیادت کے لیے ہسپتال کا دورہ کیا۔ سفیر نے ہسپتال میں زخمی شہری کی خیریت دریافت کی اور ان کے علاج معالجے کے امور پر ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں سے تفصیلی بریفنگ لی۔

میڈیکل رپورٹس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی پاکستانی شہری کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ دورے کے دوران پاکستانی سفیر نے کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان سے بھی اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں کویتی عسکری قیادت نے زخمی پاکستانی شہری کو بہترین طبی سہولیات اور ہر ممکنہ طبی امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کویت میں تعینات پاکستانی سفیر کو فوری طور پر ہسپتال جانے اور زخمی شہری کی دیکھ بھال کے تمام امور کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی تھی۔ حکومتِ پاکستان بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے۔