غزہ میں شدید موسمی نظام سے 1.3 ملین فلسطینیوں کو انسانی المیے کا خطرہ

سخت سردی اور بارشوں کا امکان، 2 لاکھ خیمے ڈوبنے کا خدشہ، سول دفاع کی ہنگامی اپیل۔

November 28, 2026 · بام دنیا
غزہ میں شدید موسمی نظام سے 1.3 ملین فلسطینیوں کو انسانی المیے کا خطرہ

غزہ میں شدید موسمی نظام سے 1.3 ملین فلسطینیوں کو انسانی المیے کا خطرہ

غزہ میں شدید موسمی نظام کے داخل ہونے کے امکان کے پیش نظر خیموں میں زندگی گزارنے والے 1.3 ملین سے زائد فلسطینیوں کو سنگین انسانی المیے کا سامنا ہے۔ سول دفاع کے ترجمان محمود بسال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے کہ غزہ کی 65 فیصد آبادی ایسے خیموں میں رہائش پذیر ہے جو رہائش کے قابل نہیں ہیں، جبکہ 2 لاکھ خیمے اور 1000 پناہ گاہیں سیلابی ریلوں اور بارشوں کی زد میں ہیں۔

محمود بسال کے مطابق اگر پیشگوئیاں درست ثابت ہوئیں تو ایک حقیقی انسانی بحران جنم لے گا۔ انہوں نے عالمی برادری، بین الاقوامی تنظیموں اور فلاحی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سول دفاع کے پاس ایندھن، ٹائروں، اسپیئر پارٹس، فوری ردعمل کی گاڑیوں اور واٹر پمپس کی شدید قلت ہے۔ تباہ شدہ خیموں کی فوری تبدیلی اور نقل مکانی کرنے والے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے ہنگامی فنڈز فراہم کیے جائیں۔

رپورٹس کے مطابق غزہ کے باسی چوتھے سخت موسم سرما کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں بنیادی ڈھانچے اور نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ موسم سرما میں 10 فلسطینی سردی کی شدت سے جان بحق ہوئے تھے، جبکہ رواں سیزن میں اب تک 9 ماہ کا ایک شیرخوار بچہ شدید سردی (ہائیپوتھرمیا) کے باعث جاں بحق ہو چکا ہے۔ سول دفاع نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر نقصانات میں مزید اضافہ ہوگا۔