معاشی بحران سنگین، تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے فیصلے کریں: بلاول بھٹو زرداری
معاشی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے، سیاستدان عوامی مسائل پر توجہ دیں، رحیم یار خان میں تقریب سے خطاب
معاشی بحران سنگین، تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے فیصلے کریں: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن یعنی ایس آئی یو ٹی کے مفت علاج کے ہسپتال کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور انہوں نے اپنی زندگی میں ایسا بحران نہیں دیکھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، اس لیے تمام معاملات کو اتفاق رائے سے حل کیا جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت اس وقت ملک کے بڑے مسائل ہیں، اور عوام یہ چاہتے ہیں کہ سیاست دان اپنی تمام تر توجہ عوامی مسائل کے حل پر مرکوز کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ کی طرح رحیم یار خان، کوٹ ادو، گوجر خان اور ڈی آئی خان میں بھی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے کی تفصیلات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی ہسپتال کا پہلا مرحلہ 50 بستروں پر مشتمل ہوگا، جہاں مریضوں کو ڈائلیسس، ایمرجنسی، لیبارٹری ٹیسٹ، پتھری کے علاج، الٹراساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولتیں مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر 2026 میں ہو چکا ہے اور یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ اگلے سال کے اندر پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد یہاں طبی سہولتوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے جبکہ دوسرے مرحلے میں آپریشن تھیٹرز اور دیگر جدید سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے جنوبی پنجاب میں اس فلاحی منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ماضی کی سیاسی کھینچا تانی کا نقصان بالآخر غریب عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے ماضی کی روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو اور میاں محمد نواز شریف نے یہ طے کیا تھا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں آئین اور جمہوریت پر یقین رکھیں گی، ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کا احترام کریں گی اور عوامی فلاحی منصوبوں کو نہیں روکا جائے گا۔