امریکی فوج نے برطانیہ فضائی اڈے کی جانب آنے والے تقریباً 6 ڈرونز کو روک کر پسپا کردیا

واقعے میں ایران کے ممکنہ تعلق کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

November 28, 2026 · بام دنیا
امریکی فوج نے برطانیہ فضائی اڈے کی جانب آنے والے تقریباً 6 ڈرونز کو روک کر پسپا کردیا

امریکی فوج نے برطانیہ فضائی اڈے کی جانب آنے والے تقریباً 6 ڈرونز کو روک کر پسپا کردیا

امریکی فوج نے برطانیہ کے فضائی اڈے آر اے ایف لیکن ہیتھ کی جانب آنے والے تقریباً 6 ڈرونز کو روک کر پسپا کردیا ہے، جبکہ اس واقعے میں ایران کے ممکنہ تعلق کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز اور برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امریکی فوج نے ان ڈرونز کو ناکام بنانے کے لیے جدید انسدادِ ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ تاہم، برطانوی یا امریکی اہلکار ان مشتبہ ڈرونز کو زمین پر گرانے یا اپنے قبضے میں لینے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ اخبار نے معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہونے کا شبہ ہے، لیکن اس سلسلے میں اب تک کوئی حتمی ثبوت یا شواہد سامنے نہیں آئے۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ 13 نومبر کو مذکورہ فضائی اڈے پر غیر مجاز ڈرونز کی پروازوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ اس صورت حال کے پیشِ نظر وزارتِ دفاع کی پولیس، سفوک پولیس اور امریکی فضائیہ کی سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر مشترکہ اور مربوط کارروائی کی۔ حکام کے مطابق مشترکہ حکمت عملی کی بدولت صورت حال کو جلد قابو میں کر لیا گیا اور فضائی اڈے پر سکیورٹی کے معمول کے تمام انتظامات مکمل طور پر بحال کر دیے گئے۔

واقعے کے وقت امریکی فضائیہ کے تعینات اہلکاروں نے مشتبہ ڈرون سرگرمیوں کا بھرپور اور فوری جواب دیا۔ امریکی فضائیہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اس سکیورٹی واقعے کے دوران کسی بھی امریکی یا برطانوی اہلکار، فوجی طیارے یا دفاعی تنصیب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دریں اثنا، وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے اس میڈیا رپورٹ پر تحال فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔