کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 516 عمارتیں سیل

سخت اقدامات کا فیصلہ، تمام غیر قانونی فلورز گرانے کا حکم، وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش

November 28, 2026 · قومی
کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 516 عمارتیں سیل

کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 516 عمارتیں سیل

کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے دوران کمشنر کراچی نے مجموعی طور پر 516 غیر قانونی عمارتوں کو سیل کر دیا ہے۔ اس حوالے سے تیار کی گئی تفصیلی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیش کر دی گئی ہے۔

کمشنر کراچی کی رپورٹ کے مطابق سیل کی گئی 516 عمارتوں میں سے 262 عمارتیں زیرِ تعمیر تھیں جنہیں موقع پر ہی سیل کیا گیا، جبکہ 12 زیرِ تعمیر عمارتوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

ضلعی سطح پر کی جانے والی کارروائیوں کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ 55 غیر قانونی عمارتیں سیل کی گئیں۔ اسی طرح ضلع کورنگی میں 48 میں سے 41 عمارتیں سیل جبکہ 7 کو نوٹس دیے گئے، ضلع شرقی میں 37، ضلع کیماڑی میں 19 میں سے 12 عمارتیں سیل جبکہ 5 کو نوٹس جاری ہوئے، جبکہ ضلع ملیر میں 8 اور ضلع وسطی میں 5 غیر قانونی عمارتیں سیل کی گئیں۔

رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔