بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد آمد، حکومتی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع
سیاسی صورتحال پر مشاورت، گورنر راج کی توسیع پر غور، پیپلز پارٹی کے تحفظات پیش ہوں گے
بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد آمد، حکومتی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع
ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم امور پر مشاورت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی حکومتی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، معاشی امور اور پارلیمانی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر بھی بات چیت متوقع ہے کیونکہ 11 دسمبر کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی توسیع درکار ہے۔ ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مجوزہ تجاویز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی جائے گی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر حکومتی قیادت کے سامنے پیپلز پارٹی کے تحفظات رکھیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف بھی خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اعلیٰ سطح ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومتی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا۔