زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کی خرابی دور، ملک بھر میں سروسز مکمل بحال

تکنیکی خامی پر قابو پالیا گیا، متبادل لنکس سے کام لیا گیا، پی ٹی اے نے تصدیق کردی۔

November 28, 2026 · اہم خبریں
زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کی بحالی کے بعد ملک بھر میں سروسز معمول پر آگئیں۔

زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کی بحالی کے بعد ملک بھر میں سروسز معمول پر آگئیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی زیر سمندر کیبل میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کو مکمل طور پر دور کر دیا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ایس ایم ڈبلیو فائیو (SMW5) زیر سمندر کیبل اب مکمل طور پر فعال ہے۔ یہ کامیابی ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس اور بین الاقوامی کنسورشیم کے درمیان فوری اور مؤثر رابطوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ماہر تکنیکی ٹیموں نے کیبل کی خرابی دور کرنے اور نظام کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے 24 گھنٹے مسلسل کام کیا۔ خرابی کے اس دورانیے کے دوران انٹرنیٹ صارفین کو شدید مشکلات سے بچانے کے لیے متبادل بین الاقوامی لنکس کے ذریعے ڈیٹا ٹریفک کی ترسیل جاری رکھی گئی تھی تاکہ سروسز کا تسلسل برقرار رہے۔