بھارت میں سوشل میڈیا پوسٹیں سنسر کرنے کیخلاف فیس بک کے دفتر کے با ہر مظاہرہ

اپوزیشن کے حقوق سلب کرنے کا الزام، پولیس نے پانی کی توپوں کا استعمال کرکے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا

November 28, 2026 · کائنات کے رنگ
بھارت میں سوشل میڈیا پوسٹیں سنسر کرنے کیخلاف فیس بک کے دفتر کے با ہر مظاہرہ

بھارت میں سوشل میڈیا پوسٹیں سنسر کرنے کیخلاف فیس بک کے دفتر کے با ہر مظاہرہ

بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں فیس بک اور انسٹا گرام چلانے والی کمپنی میٹا کے دفاتر کے باہر اس وقت شدید کشیدگی پھیل گئی جب پولیس نے اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے کارکنان کے پرامن احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔ مظاہرین پر الزام تھا کہ سوشل میڈیا کی یہ بڑی کمپنی حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مفادات کے تحت کام کر رہی ہے اور اپوزیشن کی آوازوں کو جان بوجھ کر سنسرشپ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

کانگریس کے یوتھ ونگ نے اس معاملے پر میٹا اور بھارتی حکومت دونوں کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر رکھا ہے، جس میں ایک ایسے متنازع ضابطے کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے جو خودکار نظام کے تحت مواد کو ہٹانے کا پابند بناتا ہے۔ کانگریس کا موقف ہے کہ ریاستی انتخابات سے قبل اس قسم کی ڈیجیٹل قدغنیں اپوزیشن کو انتخابی مہم کے دوران شدید نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔

مظاہرے کے دوران پولیس نے مظاہرین پر شدید دباؤ ڈالتے ہوئے گندے پانی کی بوچھاڑ کی جس سے کارکنان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یوتھ کانگریس کے رہنماؤں نے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے ہی نوجوانوں کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے چند حامیوں کو حتحرا میں لیا تھا جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔ دوسری جانب میٹا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ بھارت میں مقامی قوانین کے مطابق ہی مواد کو محدود کرتی ہے جبکہ سیاسی طور پر غیر جانبدار رہنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔