مانسہرہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عارف خان کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا

عدالتی امور میں مداخلت اور ڈیتھ سیل میں قیدی رکھنے پر سپرنٹنڈنٹ ہری پور منتقل

November 28, 2026 · امت خاص
مانسہرہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عارف خان کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا

مانسہرہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عارف خان کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا

مانسہرہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عارف خان کو 6 ماہ قید کی سزا سنائے جانے کے بعد ہری پور سنٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ نے ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ کے دورے کے دوران مبینہ طور پر 2 افراد کو ڈیتھ سیل میں رکھنے اور عدالتی امور میں مداخلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ مانسہرہ عارف خان کو 6 ماہ قید اور 3 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ت

ڈسٹرکٹ سیشن جج مانسہرہ نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ کا دورہ کیا، جہاں 2 افراد کو ڈیتھ سیل میں پایا گیا۔ اس حوالے سے جیل انتظامیہ کی جانب سے کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہ کی جا سکی۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ عارف خان نے سیشن جج کے ساتھ نازیبا رویہ بھی اختیار کیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیشن جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ عارف خان کو عدالت طلب کیا اور سرکاری دورے میں مداخلت پر 6 ماہ قید اور 3 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ جس پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ عارف خان کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا جہاں سے انہیں سنٹرل جیل ہری پور منتقل کر دیا گیا ہے۔