مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا باہمی تناؤ کم کرنے اور قانون سازی پر اتفاق

سیاسی مفاہمت کی کوشش، بلاول بھٹو سے حکومتی وفد کی ملاقات، مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ۔

November 28, 2026 · اہم خبریں
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا باہمی تناؤ کم کرنے اور قانون سازی پر اتفاق

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا باہمی تناؤ کم کرنے اور قانون سازی پر اتفاق

اسلام آباد میں حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی تناؤ میں کمی اور اہم امور پر اشتراکِ کار کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں دونوں جماعتوں نے باہمی تناؤ کم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف بیانات میں کمی اور ماضی کی طرح مل کر قانون سازی کرنے پر اتفاق کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران حکومتی وفد نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قانون سازی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے تجویز دی کہ پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے اور پھر سینیٹ کا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے پارلیمانی رہنماؤں کی موجودگی میں اس تجویز سے اتفاق کیا، جبکہ اگلے 1 سے 2 روز میں قومی اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ سامنے آنے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام یا ریفرنڈم جیسے متنازع امور پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

دوسری جانب حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور وہاں گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کے حق میں حمایت اور ووٹ دینے کی بھی درخواست کی گئی، جس پر پیپلز پارٹی نے حتمی مؤقف کے لیے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔

دریں اثنا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کرنے، صاحبزادے کی گرفتاری اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی۔ پیپلز پارٹی کے اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے ملاقات میں اس واقعے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست بھی کی تھی۔