اسرائیلی سیاسی بحران، نیتن یاہو کی اقتدار بچانے کے لیے حریف کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش

سیاسی بقا کی جنگ، نیتن یاہو نے اقتدار کی تقسیم پر آمادگی ظاہر کردی، دونوں رہنماؤں میں اتوار کو ملاقات طے ہوگئی۔

November 29, 2026 · بام دنیا
اسرائیلی سیاسی بحران، نیتن یاہو کی اقتدار بچانے کے لیے حریف کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش

اسرائیلی سیاسی بحران، نیتن یاہو کی اقتدار بچانے کے لیے حریف کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش

اسرائیل میں اقتدار کی کشمکش شدت اختیار کرگئی ہے جہاں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حکومت سازی میں ناکامی کے خدشات کے پیش نظر اپنے سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ کو پہلے وزیراعظم بنانے اور اقتدار کی تقسیم پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد وقت کی ضرورت ہے، اور ان کی جماعت لیکوڈ پارلیمنٹ میں سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، اس لیے وہ تمام معاملات ایک طرف رکھتے ہوئے آئزن کوٹ کو پہلے وزیراعظم کا منصب دینے پر تیار ہیں جبکہ خود متبادل وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ نیتن یاہو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کو درپیش سنگین خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔

دوسری جانب گادی آئزن کوٹ نے پیشکش کے بعد مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لیکوڈ جماعت کے اتحاد کے حوالے سے سنجیدگی کا جائزہ لیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئزن کوٹ پہلے ہی دائیں بازو کی جماعت یسرائیل بیتینو اور بائیں بازو کی جماعت دی ڈیموکریٹس کے ساتھ اتحادی معاہدے کرچکے ہیں جبکہ الٹرا آرتھوڈوکس جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطہ ہو چکا ہے اور اتوار کی صبح اہم ملاقات متوقع ہے۔