آبنائے ہرمز کی حفاظت ایران کے بحری اقتدار کا منہ بولتا ثبوت ہے، عباس عراقچی

تہران کا اسٹریٹجک پوزیشن پر زور، شرائط کی منظوری تک آبنائے بند رہے گی، آرمی چیف

November 29, 2026 · بام دنیا
آبنائے ہرمز کی حفاظت ایران کے بحری اقتدار کا منہ بولتا ثبوت ہے، عباس عراقچی

آبنائے ہرمز کی حفاظت ایران کے بحری اقتدار کا منہ بولتا ثبوت ہے، عباس عراقچی

تہران میں یومِ بحریہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی مؤثر اور بااختیار حفاظت نے ایران کی اسٹریٹجک پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔ انہوں نے ملک کی بحری افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بہادر بحری فوجی جہاں کہیں بھی ایرانی پرچم لہرایا جاتا ہے، مادرِ وطن کا دفاع بھرپور انداز میں کرتے ہیں۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران اور اس کے بعد آبنائے ہرمز کی حفاظت نے ایران کا بحری اقتدار برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی حیثیت مستحکم ہوئی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج کی مسلسل تیاری اور مستعدی ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

دوسری جانب، ایرانی آرمی چیف نے یومِ بحریہ کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں واضح کیا ہے کہ ایران کی شرائط تسلیم ہونے تک آبنائے ہرمز کو نہیں کھولا جائے گا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کو ایرانی بحری افواج کا مقدس اور غیر متزلزل مشن قرار دیا جسے عوام اور قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ علاقائی پانیوں میں جہاز رانی پر ایران کا مسلسل کنٹرول امریکی فوج کی کمزوری کو بے نقاب کرتا ہے، جبکہ دشمن کو سمندر میں بار بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں ڈینا ڈسٹرائر نامی بحری جہاز پر شہید ہونے والے بحری اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مارچ میں بھارت میں ہونے والی ایک کثیرالقومی بحری مشق میں شرکت کے بعد وطن واپس آتے ہوئے اس جہاز کو نشانہ بنایا گیا تھا، جسے ایرانی حکام نے ایک پُرامن مشن سے واپس آنے والے جہاز پر غیر قانونی کارروائی قرار دیا تھا۔