سعودی عرب: ریاض میں خطرے کا الرٹ ختم، حوثی میزائل فضا میں تباہ

سعودی سول ڈیفنس نے الرٹ واپس لے لیا، حوثی ملیشیا کے حملے ناکام بنا دیئے گئے۔

November 29, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب: ریاض میں خطرے کا الرٹ ختم، حوثی میزائل فضا میں تباہ

سعودی عرب: ریاض میں خطرے کا الرٹ ختم، حوثی میزائل فضا میں تباہ

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں حملے کا خطرہ ٹلنے کے بعد سعودی سول ڈیفنس نے شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے جاری کردہ خطرے کا انتباہ واپس لے لیا ہے۔ سعودی سول ڈیفنس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ریاض میں قومی ابتدائی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں حالات معمول پر آنے کے بعد حکام نے الرٹ ختم کرنے کا اعلان کیا۔

ادھر سعودی اتحادی افواج کے ترجمان کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ 2 میزائل سعودی عرب کے مشرقی علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے تھے جنہیں فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا، جبکہ ریاض کی جانب داغا گیا ایک اور بیلسٹک میزائل بھی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔

دستاویزات اور سکیورٹی رپورٹس کے مطابق میزائلوں کا ملبہ گرنے سے کسی بھی جانی نقصان یا شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ کارروائی کے دوران یمن کے صوبے صعدہ میں حوثی ملیشیا کا بیلسٹک میزائل لانچنگ پلیٹ فارم بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جسے جازان پر حملے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جازان آئل ریفائنری اور جنوبی سعودی عرب کے 2 بجلی گھروں کو نشانہ بنایا ہے۔