بلوچستان میں امراضِ قلب کے پہلے جدید ہسپتال کی تعمیر مکمل، دسمبر میں ہوگا افتتاح
صوبے میں طبی سہولیات کی فراہمی، 150 بستروں پر مشتمل ہسپتال تیار، عوام کو باہر نہیں جانا پڑے گا
بلوچستان میں امراضِ قلب کے پہلے جدید ہسپتال کی تعمیر مکمل، دسمبر میں ہوگا افتتاح
کوئٹہ میں بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (بی آئی سی وی ڈی) کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جس کا باضابطہ افتتاح رواں سال دسمبر میں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کے دورے کے دوران تعمیراتی کام اور انتظامات کا جائزہ لیا اور اس کی بروقت تکمیل پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے وزیر اعلیٰ کو ہسپتال کی طبی سہولیات اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دستاویزات اور بریفنگ کے مطابق 150 بستروں پر مشتمل اس جدید ہسپتال میں ملک بھر سے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ اس سے منسلک 3 سیٹلائٹ مراکز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے آگاہ کیا کہ صوبے کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں چیسٹ پین مینجمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ دل کے دورے کے مریضوں کو بروقت طبی امداد مل سکے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی سی وی ڈی بلوچستان میں امراضِ قلب کے علاج کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ہسپتال کے قیام سے صوبے کے عوام کو علاج کی غرض سے دیگر شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں اصلاحات اور عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ادارے کو مکمل فعال بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔